پاک فوج کورونا وباکے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے متحرک ہے، آرمی چیف

270

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ پاک فوج کورونا وباکے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے متحرک ہے، موثر قومی کوششوں سے ہی پاکستان خوشحال اور ترقی کی جانب بڑھ سکتا ہے۔

میڈیا  رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا،کور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے آرمی چیف کا استقبال کیا،اس موقع پر کمانڈنٹ کمانڈ اینڈاسٹاف کالج کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم بھی موجود تھے۔

آرمی چیف نے کالج کے افسران اورفیکلٹی اسٹاف سے خطاب  کرتے ہوئے کہاکہ بہترین تربیت یافتہ پروفیشنل فوج امن کی ضامن ہے،پاکستانی فوج قوم کی حمایت سے ناقابل تسخیر ہے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام تنازعات کے حل پر منحصر ہے،علاقائی امور طے کرنے کےلیے عالمی حمایت اور عزم ضروری ہے، قوم کی  حمایت سے ہی پاک فوج ایک مضبوط قوت ہے۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی چیلنجز  پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ رہنا وقت کی ضرورت ہے،قوم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھیں گے،پاک فوج پیشہ وارانہ صلاحیت رکھنے والی اور امن کی ضامن فوج ہے۔