بھارت پر عالمی دبائو بڑھانے کیلیے متفقہ قومی کشمیر پالیسی بنائی جائے

76

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیر رائے محمدجاوید،جنرل سیکرٹری محمدطیب انصاری،نائب امیر میاںسہیل انجم،جے آئی یوتھ کے صدر میاں محمدعمران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت پر عالمی دبائو بڑھانے کے لیے متفقہ قومی کشمیر پالیسی بنائی جائے۔بھارت پاکستان میں دہشت گردی، فتنہ انگیزی، فرقہ پرستی اور افواج پاکستان کے خلاف ہر فساد پھیلانے کا حربہ استعمال کر رہاہے۔ حکومت کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم بڑھتا ہی جارہاہے۔ جموں و کشمیر کے عوام کو آزادی، خود داری، آبادی کے برتر مسلم تناسب سے محروم کیا جارہا ہے ۔رہنمائوںنے کہا کہ کورونا وبا اور لاک ڈائون کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب تضادات اور ابہام کا ایک اور شاہکار ہے۔ وفاق صوبوں کی مشاورت سے قومی پالیسی بنانے کے لیے تیار نہیں اسی لیے کورونا پھیل رہاہے۔ سماجی نظام تتر بتر ہورہاہے۔ اقتصادی حالت بہت ابتر ہورہی ہے۔ ملک بڑے بحرانوں سے دوچار ہے۔ عمران خان اپنی ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑیں، بحرانوں سے نجات کے لیے قومی حکمت عملی اور قومی اتفاق رائے کے لیے پوری قوم کو متحد کریں وگرنہ عمران خان کا بار بار ابہام سے بھرا خطاب مزید نقصانات کا سونامی لائے گا۔رائے محمدجاویدنے کہاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے صرف اعلان نہیں، عملاً پورا لائحہ عمل دیا جائے۔ مہنگے ترین ٹکٹس بے روزگار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ممکن نہیں۔ کورونا، لاک ڈائون متاثرین ریلیف فنڈز سے انہیں واپس لایا جائے۔ طویل مدت سے پاکستان کو زر مبادلہ دینے والے پاکستانیوں کا حق ہے کہ اس وقت ریاست ان کا سہارا بنے۔