وفاقی دارالحکومت کے 9 علاقے سیل، فوج تعینات کرنے کا حکم

64

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت کے 9 علاقے سیل کر کے فوج تعینات کرنے کا حکم۔ اسلام آباد میں کورونا وائرس خطرناک حد تک پھیلنے کے بعد علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کورونا وائرس وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔گزشتہ چند روز کے دوران اسلام آباد میں رپورٹ ہونے والے وائرس کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد شہر کے 9 خطرناک ترین علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جن 9 خطرناک علاقوں کی نشاندہی ہوئی ہے، ان تمام علاقوں کو فوری سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔خطرناک قرار دیے گئے 9 علاقوں میں فوج، رینجرز اور پولیس تعینات کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا اور موقف اختیار کیا ہے کہ جب تک ان علاقوں میں کورونا وائرس کیسز ختم نہیں ہوتے، یہ علاقے مکمل طور پر سیل رہیں گے۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کیساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 67 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 4,131 نئے کیسز سامنے آئے۔