سانحہ ہزارہ ٹاون تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ سامنے لائی جائے ،ملی یکجہتی کونسل بلوچستان

139

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و صدر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی کی زیر صدارت ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا اہم اجلاس جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ الفلاح ہاﺅس الگیلانی روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا،ہزارہ ٹاﺅن واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومتی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ جلد سامنے لانے اورمجرموں کو قرارواقعی سزادینے کا مطالبہ، نفرت ،تعصب ولسانیت کا پر چار کرنے والوں کاراستہ روکنے اور اتحاد ویکجہتی کی کوششوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔شرکا نے کہا کہ کسی کو بھی موقع نہیں دیں گے کہ وہ کوئٹہ وبلوچستان کے پرامن حالات کو خراب کرے یہاں تمام قبائل ،مذاہب وفرقوں کے لوگ باہمی امن ومحبت سے رہ رہے ہیں ، ہزارہ ٹاﺅن واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ہزارہ ٹاﺅن واقعے کی بنیاد پرفرقوں کو لڑانے کی سازش ہورہی ہے، حکومت ہزارہ ٹاﺅن واقعے کی تحقیقات فی الفورمکمل کرکے عوام کے سامنے لے آئے اور ملوث مجرموں کو قرارواقعی سزادے ،سوشل میڈیا پربے بنیاد پروپیگنڈے والزامات بندکیے جائےں، حکومت ،انتظامیہ وپولیس کی غفلت کی وجہ سے معمولی جھگڑابڑھ کر فساد بن جاتاہے ، ملی یکجہتی کونسل امن وامان کے قیام،قومی یکجہتی ،اتحا دوبھائی چارے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ اجلاس میں جمعیت علما پاکستان کے مولانا عبدالقدوس ساسولی، علامہ کفایت اللہ ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مولانا انوارالحق حقانی ،مجلس وحدت المسلمین کے علامہ ہاشم موسوی ،علامہ اکبر حسین زاہدی،جمعیت اتحادالعلما کے مولانا عبدالکبیر شاکر،تنظیم اسلامی کے اقتدار احمد، جماعت اسلامی کے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ ،حافظ نورعلی،جمعیت طلبا عربیہ کے مولانا عبدالمتین کاکڑ سمیت علما وائمہ کرام نے شرکت کی ۔اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ پیش کرتے ہوئے صدر مجلس مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہا کہ علما کرام منبر ومحراب کے ذریعے اور میڈیا اپنے پروگرام کیمرے وقلم کا بہتر استعمال کرتے ہوئے قومی یکجہتی ،بھائی چارے کی فضاسازگار بنانے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی ذمے داری اداکریں تاکہ ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائےں ۔علما کرام ، میڈیااور دینی جماعتیں اس سلسلے میں اہم کردارادا کرتے ہوئے قوموں کولڑانے وحالات خراب کرنے والوں کو ناکام بناسکتی ہےں، ہم سانحہ ہزارہ ٹاﺅن متاثرین کے ساتھ ہیں ان کے دکھ دردمیں شریک اور ہر ظلم وجبر کے خلاف ہیں ۔ اجلاس میں شام میں مقدس مزارات کی بے حرمتی ،سودی نظام معیشت ،لاک ڈاﺅن سمیت ملکی صورتحال پربھی گفتگوہوئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ہزارہ ٹاﺅن جیسے واقعات کی روک تھام اور اتحاد ویکجہتی کے لیے بہت جلد قومی گرینڈجرگہ یاسیمینار کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی ۔ اجلاس میں ملک وخطے کی ترقی خوشحالی امن اور یکجہتی سمیت کوروناوبا سے نجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔