ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کرینگے، آرمی چیف

91

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول انتظامیہ کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ ملک میںغذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر آپریشن ضروری ہے تاکہ معیشت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔آرمی چیف نے کہا ہے کہ حکومت ٹڈی دل کنٹرول کرنے کے لیے قومی ایمرجنسی کا اعلان کر چکی ہے۔ پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ہر وسیلہ فراہم کرے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات انسداد ٹڈی دل سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر آرمی چیف کو لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے صورتحال پر بریفنگ دی۔آرمی چیف نے این ایل سی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں مربوط قومی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول اداروں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر آپریشن ضروری ہے تاکہ معیشت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ حکومت ٹڈی دل کو کنٹرول کرنے کے لیے پہلے ہی قومی ایمرجنسی کا اعلان کرچکی ہے۔