کوئٹہ،ڈکیتی کے دوران خاتون کو قتل کرنے کیخلاف احتجاج

97

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے علاقے تربت میں ڈکیتی کی واردات کے دوران خاتون کو قتل اور بچی کو زخمی کرنے کے واقعہ کیخلاف کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ کوئٹہ میں سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے ریلی نکالی اور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ چند روز قبل تربت میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر خاتون قتل اور بچی شدید زخمی ہوئی، کئی دن گزر جانے کے باوجود قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جارہا، قاتل کی نشاندہی کے باوجود گرفتاری عمل میں نہیں لائی جارہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کی عام واردات نہیں بلکہ اس میں مسلح گروہ ملوث ہیں۔ مظاہرین کے مطابق کیچ سمیت مکران کے بعض دیگر علاقوں میں ڈکیتی، راہزنی سمیت متعدد دیگر واقعات رونما ہورہے ہیں، جن کے پیچھے عام جرائم پیشہ لوگ نہیں ہیں بلکہ مسلح گروہوں کے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ انسانیت سوز اور بلوچ و اسلامی روایات کیخلاف اصل قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مظاہرے میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔