مویشی منڈی2020:ایڈ منسٹریٹر کاٹھیکہ حسن اینڈ کمپنی کے مظفر حسن کو دے دیا گیا

809

کراچی(رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) سپرہائی وے پر قائم کی جانے والی ایشاء کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی 2020 کے لئے ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر ٹھیکے جاری کرد یے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے موقعے پر سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لئے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈی2020 کے لئےایڈ منسٹریٹر،بجلی کی سپلائی، کار پارکنگ،پانی کی سپلائی،سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی،برف سپلائی،ٹینٹ (شامیانے)اور بیت الخلاء سمیت دیگر انتظامات کے لیے ٹھیکے جاری کردیے گئے ہیں۔

مویشی منڈی 2020 کے لئے ایڈ منسٹریٹر کا ٹھیکہ حسن اینڈ کمپنی کے مظفر حسن کو دیا گیا ہے۔پانی کی سپلائی کا ٹھیکہ غلام نبی،بجلی کا ٹھیکہ اقبال امین،پارکنگ کا ٹھیکہ منہاج،ٹینٹ (شامیانے)کا ٹھیکہ ایم جے کے ٹریڈرز کے مسعود کو دیا گیا ہے۔اسی طرح سافٹ ڈرنک،منرل واٹر،چارہ سپلائی اور برف سپلائی سمیت دیگر انتظامات کے لئے ٹھیکداروں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہیں۔مویشی منڈی 2020 کے لئے ایڈ منسٹریٹر کا ٹھیکہ حاصل کرنے والے حسن اینڈ کمپنی کے مظفر حسن نے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کیلئے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل 22جون سے شروع کیاجائےگا۔

ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

ہم جلد ہی مشینری ٹر یکٹر ٹرالی اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ذریعے علاقے کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کرینگے۔

اس سال قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے آنے والے بیوپاریوں اور عوام کو خرید و فروخت میں ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلیے دیگر اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی جائے گی تاکہ منصوبہ بندی کے ذریعے ایک مربوط سسٹم کے تحت انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔صفائی،ستھرائی اور جانوروں کی آمد کے آغاز کے ساتھ ہماری بنیادی ذمے داری سہراب گوٹھ پر ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا قیام اور اسے بیوپاریوں اور خریداروں کیلیے محفوظ بنانا ہے۔

گزشتہ سال کی طرح امسال سال بھی بیوپاریوں اور خریداروں کو آسان سہو لیات مہیا کریں گے بالخصوص پانی,بجلی،پارکنگ اور گند گی کے سدباب کے لئے معقول انتظام کیا جا ئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کے لئے 900 ایکڑ سے زاید کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں وی آئی پی بلاک سمیت 25 سے زاید بلاک قائم کئے جائنگے۔ اسکے علاوہ بیوپاری اور عوام کی سہولیات کے لئےمختلف اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم مشین لگائی جائے گی تاکہ جانوروں کی خریداری کرنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان مویشی منڈی2020 یاور رضا چاولہ نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کورونا کے سبب تمام ایس او پیز کے ساتھ لگائی جائے گی۔سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی کو 2020 میں بھی کیٹل فیسٹیول کا نام دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میلہ مویشیاں میں تمام مویشیوں سمیت دیگر اسٹالز کو ایس او پیز کے تحت لگانےکا فیصلہ کیا ہے جبکہ منڈی آنے والے بیوپاری اور خریداروں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

یاور رضا چاولہ نے یہ بھی کہا کہ اندرون ملک سے آنے والے بیوپاریوں اور جانوروں کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی جبکہ میلہ مویشیاں آنے والوں کو سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

ترجمان مویشی منڈی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر ہر شخص کو سینٹائزر واک تھروگیٹ سے گزرنا ہوگا جبکہ ماسک کے بغیر کسی بھی شخص یا بیوپاری کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔یاور رضا چاولہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ مویشی منڈی میں بچوں اور بوڑھے افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ مویشی منڈی آنے والے تمام افراد کو گیٹ پر سینیٹائزر اور اسپرے کیا جائےگا۔

ترجمان مویشی منڈی نے کہا کہ اندرون ملک سے آنے والےقربانی کے جانوروں کی فیومی گیشن کی جائےگی جبکہ کھانے پینے اورمویشیوں کے ہر اسٹال پرمالکان اور بیوپاریوں کو سینٹائزر رکھنا ماسک پہننالازمی ہوگا۔

یاور رضا چاولہ نے یہ بھی کہا کہ تمام داخلی راستوں پر طبی کیمپ لگایاجائے گاجہاں ہرآنے والےشخص کابخارچیک کیاجائے گا جبکہ قربانی کا جانور خریداری کے لیے کسی اسٹال پر رش نہیں لگے گا سماجی فاصلے کویقینی بنایاجائے گا ۔ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاولہ نے مزید کہا کہ مویشی منڈی کے ہر بلاک میں روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے اور فیومیگیشن کی جائے گی۔

اسکے علاوہ بیوپاری اور عوام کی سہولیات کے لئے اے ٹی ایم مشین لگائی جائیں گی تاکہ جانوروں کی خریداری کرنے والے افراد کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔