کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے موبائل ڈیوائس بلاکنگ کی آخری میں مزید 3جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کے تناظر میں موبائل نیٹ ورکس پر موجود تمام جی ایس ایم اے منظور شدہ آئی ایم ای آئی جو ابھی تک پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں ایسے آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن کے لیے پی ٹی اے نے آخری تاریخ میں توسیع کی ہے۔
یہ توسیع موجودہ صورتحال میں عوام کو آسانی اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے کی گئی ہے۔غیر منظور شدہ موبائل ڈیوائسز کی بلاکنگ اب 4 جولائی 2020 سے کی جائے گی اور ایس ایم ایس کے ذریعہ اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
قواعد کے مطابق ایسی تمام موبائل ڈیوائسز جن کو لوکل سم کے ذریعے کسی بھی مقامی موبائل فون نیٹ ورک سے منسلک کیا جاتا ہے انہیں پہلی بار مقامی نیٹ ورک استعمال کرنے کے 60 یوم کے اندر رجسٹر کروانا ضروری ہے۔
لیکن غیر معمولی حالات کے پیش نظر، ایسی غیر تصدیق شدہ موبائل ڈیوائسز کی بلاکنگ جنہیں 18 مارچ سے 3 جولائی 2020 کے درمیان بلاک ہونا تھا،اب انہیں 4 جولائی 2020 سے بلاک کیا جائے گا۔
پی ٹی اے نے ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) متعارف کرایا تھا جس کے تحت موبائل ڈیوائس صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا #8484* ڈائل کرکے اپنا موبائل رجسٹر کرا سکتے ہیں۔