بلوچستان، فائرنگ کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی

120

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع نوشکی کے علاقے قادر آباد میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں میر عبدالباقی بادینی اور اس کا بیٹا شعیب بادینی جاں بحق جبکہ سلال احمد بادینی اور غازی خان زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال نوشکی منتقل کردیا گیا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ گوادر میں پیش آیا، پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے جناح ایونیو میں مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص دلمراد موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی در محمد شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔ فائرنگ کا تیسرا واقعہ بلوچستان کے علاقے لونی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان سمت اللہ کو قتل کردیا، قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ لیویز نے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔