کسی نے مجھے فکسر پکارا اس کیخلاف قانونی کارروائی کروں گا،سلیم ملک

114

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے مجھے فکسر پکارا تو اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں نے طویل عدالتی جنگ لڑنے کے بعد اپنا نام کلیئر کروایا، جن لوگوں نے ایسا نہیں کیا، جن کو عدالت سے کلین چٹ نہیں ملی، ان کے نام لیں، ان کو جو مرضی کہہ کر پکاریں لیکن اگر کسی نے مجھے فکسر کہا تو اس کے خلاف عدالت میں کیس دائر کروں گا۔سلیم ملک نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے سوالات کے جواب جمع کروانے کے لیے پیر کو دو سے تین بجے کے درمیان قذافی اسٹیڈیم آ رہا ہوں، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنا موقف بھی پیش کروں گا۔یاد رہے سلیم ملک گزشتہ دنوں اچانک منظر عام پر آئے اور کہا کہ جسٹس قیوم رپورٹ میں مشکوک قرار دیئے جانے کرکٹرز کی مختلف ادوار میں بورڈ سے وابستگی ہوتی رہی ہے، اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث محمد عامر، سلمان بٹ، محمد آصف اور شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی ہوگئی تو مجھے کیوں مواقع سے محروم رکھا جا رہا ہے حالانکہ میرا نام عدالت سے کلیئر ہو چکا۔