پشاور(صباح نیوز) خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے وزیر اعلیٰ سندھ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا این سی سی میں موقف کچھ اور باہر کچھ ہوتا ہے، وزیر اعظم نے جتنے بھی فیصلے کیے صوبوں کی مشاورت سے ہی کیے جبکہ این سی سی میں سب سے پہلے اور زیادہ وقت وزیر اعلی سندھ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی حقیقت پسندانہ رویہ اپنائے۔ سندھ کے وزرا کچھ، وزیراعلی کچھ اور بلاول بھٹو کچھ کہتے ہیں، سندھ حکومت نے راشن کس طرح تقسیم کیا اس کا سب کو علم ہے۔گائیڈ لائن کے تحت کے پی حکومت نے کچھ بھی نہیں چھپایا جبکہ صوبے میں گندم اور آٹے کا معاملہ وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانداروں اور ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے ہیں، صوبے میں پیٹرول کی قلت پر وزیراعلیٰ کا وفاق سے رابطہ ہے۔