پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی درآمد بند‘ پشاور میں آٹے کا بحران

148

پشاور(صباح نیوز)پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی درآمد بند ہونے کے باعث پشاور میں آٹے کے بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔ آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے نے فلور ملز مالکان کے ساتھ عوام اور نانبائیوں کی مشکلات بڑھا دیں۔سبزیاں دالیں چکن گوشت اور پٹرول تو پہلے ہی عوام کے دسترس سے دور تھے ہی مگر اب پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا پر گندم کی درآمد پر پابندی کے بعد پیدا ہونے والے آٹے کے بحران نے مسائل کے شکار عوام کو ایک اور مشکل سے دوچار کر دیا۔حکومتی پالیسیوں سے نالاں شہری زندگی کی سب سے بڑی ضرورت آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔پختونخوا کے عوام پر پنجاب سے گندم کی بندش پر جہاں فلور ملز مالکان نے اپنے ملوں کی تالہ بندی کر دی وہاں آٹا ڈیلروں نے بیس کلو آٹے کا تھیلا 1200 اور اور 80 کلو بوری کی قیمت 5 ہزار تک پہنچا دی جس پرایک بار پھر نانبائی ہڑتال کرنے پر سوچ رہے ہیں۔