ایم ڈی اے کی زمین کا تازع حل ، ڈی سی کے خلاف کارروائی کی سفارش
کراچی ( سٹاف رپورٹر) گلشن معمار ہاﺅسنگ اسکیم سے متصل اربوں روپے مالیت کی80ایکٹر اراضی پر جاری تنازعہ کا ڈراپ سین ہوگیا ۔ سفاری ایسوسی ایٹ کے زیر قبضہ زمین ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی نکلی، سروے سپریٹنڈنٹ آفس نے اپنی رپورٹ جاری کردی، ایم ڈی اے کا موقف تسلیم کرلیا گیا،ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی کیخلاف سخت کارروائی کیلئے چیف سیکریٹری سندھ کو سفارش کردی گئی۔ خیال رہے کہ گلشن معمار سے متصل 80ایکٹر اراضی پر ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر غربی کے مابین تنازعہ چل رہا تھا جس کا گذشتہ روز ڈراپ سین ہوگیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سروے سپریٹنڈنٹ نے ٹیکنیکل اسٹاف کی موجودگی میں اراضی کی حدبندی کا تفصیلی سروے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر،مختیار کار اور تپے دار بھی موقع پر موجود تھے،تفصیلی سروے کے بعد سروے سپریٹنڈنٹ نے اپنی رپورٹ جاری کردی جس میں واضح کیا گیا ہے کہ سفاری ایسوسی ایٹس کے زیر قبضہ 80 ایکٹر اراضی میں67-27 ایکٹر ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہے،رپورٹ میں سروے نمبر37-35 اور ناکلاس نمبر137 اور ناقبولی سروے نمبر40 ٹپہ تیسر سب ڈویژن منگھوپیر بتایا گیا ہے،سروے سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ گلشن معمار ہاﺅسنگ اسکیم کی 80ایکٹر اراضی کے حوالے سے ایم ڈی اے کا موقف درست تھا ،واضح رہے کہ ایم ڈی اے کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ اسکیم 45 کے حوالے سے منصوبہ بندی اور ترقیاتی کاموں کو شروع کراسکے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو کوئی اختیار حاصل نہیں کہ وہ ایم ڈی اے کی اسکیم45 میں مداخلت کرے،سروے سپریٹنڈنٹ کی جاری رپورٹ کے بعد ڈپٹی کمشنر غربی کے تمام تر دعوے زمین بوس ہوگئے ہیں،تاہم دوسری طرف سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی نے سوشل میڈیا پر جھوٹے الزام اور نازیبا مواد لکھ کر ایم ڈی اے کے افسران کی شہرت کو نقصان پہنچایا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سیکریٹری بلدیات نے رپورٹ چیف سیکریٹری سندھ کو ارسال کردی ہے جس میں ڈپٹی کمشنر غربی فیاض عالم سولنگی کیخلاف سخت کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔یاد رہے کہ مذکورہ تنازعہ گلشن معمار ہاﺅسنگ اسکیم سے متصل ٹمبر مارکیٹ کی اراضی پر راتوں رات سرکاری سرپرستی میں کئے جانے والے قبضے سے شروع ہوا تھا جس میں ڈپٹی کمشنر غربی نے ایم ڈی اے کو آگاہ کئے بغیر سفاری ایسوسی ایٹ کو پہلے سے الاٹ ٹمبر مارکیٹ کی زمین پر اچانک اپنی نگرانی میں ڈیمالیشن کرادی جس کے بعد لینڈ مافیا نے مذکورہ اراضی پر قبضہ شروع کردیا تھا #