مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید4نوجوان شہید

168

سری نگر، مظفرآباد (صباح نیوز+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کو ضلع شوپیان میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے گزشتہ دودنوںکے دوران مقبوضہ علاقے میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 9ہوگئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے پنجورہ میں محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوںنے گزشتہ روز اسی علاقے میں 5نوجوانوںکو شہیدکردیاتھا۔ فوجیوںنے کارروائی کے دوران کم سے کم ایک مکان کو تباہ کردیا۔ علاقے میں سیکڑوں لوگوںنے اپنے گھروںسے نکل کر فوجیوںپر پتھرائو کیا اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔ اس سے قبل اسی علاقے میں ایک جھڑپ میں تین بھارتی فوجی شدید زخمی ہو گئے تھے۔قابض انتظامیہ نے ضلع شوپیاںمیں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔ ادھر ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے ایک افسر نے خودکشی کرلی۔ 58 سالہ سب انسپکٹر اشوک کمار پلوامہ کے علاقے خریو میں تعینات تھا۔ جنوری 2007 ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد 453 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیںا میر حزب المجاہدین سید صلاح الدین اور نائب امیرسیف اللہ خالدنے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع شوپیان کے ریبن اور پنجورہ علاقے میں حزب المجاہدین سے وابستہ مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک اعلیٰ کمانڈر اویس ملک سمیت شہید ہونے والے نو مجاہدین کو ان کی شہادت پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم و جابر بھارتی فوج کے سامنے مجاہدین جھکنے کے بجائے سر کٹانے کو ترجیح دے کر تاریخ میں عظیم مثالیں قائم کررہے ہیں۔ان لازوال قربانیوں پر قوم کا سر فخر سے بلند ہے ۔ انہوں نے کہا شہدا اپنی قربانیاں تحریک آزادی کی آبیاری کے لیے دے رہے ہیں،اس دور میں یہ عظیم قوم کے سپوت اپنی زندگیاں اللہ کی راہ میں قربان کرکے قرون اولی کی یاد تازہ کررہے ہیں۔