مئیرطیب حسین کی طیارہ حادثہ میں شہید احمد مجتبیٰ کے اہل خانہ سے تعزیت

185

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مئیر سید طیب حسین نے طیارہ حادثہ میں لطیف آباد نمبر 6 کے شہید ہونے والے احمدمجتبیٰ کے والد اے ایم یوسفزئی ودیگر اہل خانہ سے انکے گھر جاکر تعزیت کی اور اپنے گہرے دکھ و افسوس اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔مئیر حیدرآباد نے ڈی این اے ٹیسٹ کے باوجود اب تک احمدمجتبیٰ کی میت ورثا کے حوالے نہ کئے جانے کے عمل پراپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمدمجتبی شھید کے والدین پہلے ہی جواں سال بیٹے کی شہادت کے غم سے نڈھال ہیں اور اب تک انکے بیٹے کی میت انکے حوالے نہ کئے جانے کا عمل انکو مزید کرب و اذیت میں مبتلا کررہا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے والد اے ایم یوسفزئی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس مسئلہ پر ہر سطح پر آواز بلند کریں گے اورانکے دکھ وتکلیف کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔مئیر حیدرآباد سید طیب حسین نے اس سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی رابطہ کرکے احمد مجتبی کی میت کی ورثا کو حوالگی کے مسئلے پر بات چیت کی اور مرحوم کے والد کی بھی گورنر سندھ سے بات چیت کرائی۔اس موقع پر مئیر سید طیب حسین نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے ا ور تمام سوگوار لواحقین کوصبر جمیل عطا فرمائے۔