کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لئے تعمیر کیے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب کا انعقاد ہوا،جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر شپ یارڈ ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے لئے مقامی طور پر تعمیر کئےجانے والے ملجم کلاس جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔
اسٹیل کٹنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد کی گئی،جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر شپ یارڈ ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ترجمان کے مطابق ترکی کے تعاون سےتعمیر کیا جانے والا یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوگا۔
ترجمان پاک بحریہ کا مزید کہنا ہے کہ جہاز کی تعمیر فروری 2024 تک مکمل کی جائے گی،تعمیر کیے جانے والے4 ملجم کلاس جہازوں میں سے دو کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کئے جائیں گے۔
جہازوں کی مقامی سطح پر تیاری سے ملکی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا،جہازوں کی تعمیر کا یہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے مابین مضبوط دفاعی تعلقات کا عکاس ہے۔