صبح سویرے جاگنا، صحت مند ذہن کی ضمانت

322

برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق صبح جلدی اٹھنے والے افراد کی ذہنی صحت دیر سے جاگنے والے افراد کی نسبت زیادہ اچھی ہوتی ہے جبکہ ایسے افراد عام طور پر زیادہ خوش باش فطرت کے بھی حامل ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کیلئے 4 لاکھ کے قریب افراد کے جینیاتی ڈیٹابیس کا تجزیہ کیا گیا جس میں 300 سے زائد ایسے نئے جینیاتی عوامل دریافت کئیے گئے جو کسی فرد کے صبح جلدی اٹھنے یا رات کو سونے کے وقت کا تعین کرتے ہیں۔

اس حوالے سے یہ پہلی تحقیق ہے جس میں صبح جلدی اٹھنے اور دیر سے جاگنے والے افراد میں ڈپریشن کے خطرے کی شرح کو جانچا گیا ہے۔

اس میں مزید یہ پتہ چلا کہ صبح سویرے اٹھنے والے افراد کو رات دیر تک جاگنے والوں کی بنسبت اعصابی دباؤ کا کم سامنا کرنا پڑتا ہے یعنی جلدی اُٹھنے والوں میں ڈپریشن کا خطرہ 35 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

محققین کا یہ بھی کہنا تھا کہ رات دیر تک جاگنے والے افراد کو اپنے کام پر جانے کیلئے جلدی اُٹھنا پڑتا ہے جس سے اُن کی نیند میں خاصی کمی واقع ہوتی ہے جس کے نتیجے میں اُن کی ذہنی صحت پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔

ان دونوں اقسام کے افراد کے کافی پینے کے اثرات بھی مختلف ہوتے ہیں جیسے کہ صبح پی جانے والی کافی آپ کے جسم میں چستی کو بوسٹ کرنے کاباعث بنتی ہے مگر رات کو کافی پینا آپ کی نیند کے قدرتی نظام کو ڈسٹرب کرسکتی ہے۔

مذکورہ بالا تحقیقاتی رپورٹ طبی جرنل نیچر کیمونیکشنز جریدے میں شائع کی گئی ہے۔