اقوام متحدہ تنازع کشمیر حل کرائے،کل جماعتی حریت کانفرنس

122

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے9 کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازع کشمیر کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں کے مطابق حل کرے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ دو روز کے دوران ضلع شوپیاں کے علاقوں ریبن اورمیلہورہ میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 9 نوجوانوں کو شہیداور دو درجن کے قریب مکانات کو تباہ کردیا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے منگل کو سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت سے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی طرف سے شہدا ء کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تمام تر مشکلات کے باوجود شہداء کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔امت اسلامی کے چیئرمین قاضی یاسر اور اتحاد اسلامی کے رہنماؤں نے شوپیاں میں متاثرہ خاندانوں کے گھر جاکر بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت اور دو درجن کے قریب مکانوں کی تباہی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے لوگوں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کی۔ اتحاد اسلامی کے وفد میں ابو مجتبیٰ ، علی محمد ڈار ، ریاض احمد اور مولانا عرفان مخدومی شامل تھے۔ حریت رہنما محمد شفیع لون نے بھی ایک بیان میں نوجوانوں کو قتل اور املاک کو تباہ کرنے کی مذمت کی ہے۔