بلوچستان پولیس امن وامان قائم کرنے کیلیے اہم کردارادا کررہی ہے ،محسن بٹ

143

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس امن و امان قائم رکھنے کے علاوہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے بھی دیگر اداروں کے ساتھ صف اول میںاپنا اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سینٹرل پولیس آفس میں کورونا وائرس سے شہید ہونے والے ڈی ایس پی سید عبدالجبار ، ڈی ایس پی امان اللہ کاکڑ ، ڈی ایس پی جمیل اختر بلوچ ، کانسٹیبل وقار بشیر اور ایس ایس پی ٹریفک نذیر احمد کر دکے والد حاجی محمد یعقوب کردکی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی بلوچستان جہانزیب خان جوگیزئی،ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری نعیم اکرم بھروکا ، ایڈیشنل آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ سمیت دیگراعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف اپنے فرائض کی انجام کے دوران کورونا وائرس 6 پولیس افسران و اہلکاران شہید ہے اور وہ شہادت کا درجہ رکھتے ہیں ان کی شہادت وقربانیوںکو اللہ تعالیٰ قبول فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے 84پولیس افسران و اہلکاران متاثر ہوئے ہیں جن میں 45صحت یا ب ہو ئے ہیں اور 35کوائریٹائن میں زیر علاج ہیں۔ آئی جی پولیس نے کہا اس حوالے سے حکومت سے شہید ہونے والے اہلکاروں کو شہید قرار دینے کے لیے کیس بھجوائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا پولیس اہلکاروں کی عظمت کو سلام ہے کہ انہوں نے اپنے فرائض بلاخوف وخطر انجام دے رہے اور دیتے رہیں گے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت بلوچستان پولیس کی جانفشانی اور جان نثاری کے جذبے کے ساتھ مشکل حالات اور مشکل مقامات پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حفاظت میں رکھے۔ انہوں نے کہا کہSOPکے تحت کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر اختیار کر نے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ آج اس تعزیتی ریفرنس کے موقع پر پھریاد دہانی کرواتا ہوں کہ آپ اپنے اور اپنے بچوں اور خاندان کے لیے کورونا کے موذی اور خطرناک مرض سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ کورونا وائرس کے شکار ہونے والے شہید قابل آفیسران ڈی ایس پی سید عبدالجبار ، ڈی ایس پی امان اللہ کاکڑ ، ڈی ایس پی جمیل اختر بلوچ ، کانسٹیبل وقار بشیر کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ ان کی خدمات قابل تحسین ہے ان کو کبھی نہیں بھولیں گے اور ان کے لواحقین ہر موقع پر ہمارے ساتھ ہیں اور رہیں گے شہداء پولیس میرے خاندان کے فرد ہیں ان کے خاندان کی کفالت کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی انہوں نے کہاکہ شہید ہونے والے آفیسران کے کیسوں پر کارروائی جاری ہے۔