آزاد کشمیر میںڈاکٹرز کی ہڑتال، تمام ہسپتال بند کردیے گئے

99

مظفرآباد (صباح نیوز)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کی کال پر گزشتہ روز سے ڈاکٹرز کی ہڑتال شروع۔آزاد کشمیر کے تمام اسپتال سوائے ایمرجنسی کے بند کردیے گئے۔ کورونا کے کیسز بھی نہیں دیکھے جائیں گئے،صرف ایمرجنسی میں موجود مریضوں سمیت حادثات کی صورت میں علاج کیا جائے گا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے مرکزی صدر ڈاکٹر شوکت حیات خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اتنی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ پر وعدے کرکے ہمارے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا ہم ڈاکٹرز اپنی زندگیوں کو داؤ پر لگا کرکورونا وائرس جیسی موذی بیماری سے لڑرہے ہیںاور کورونا پازٹیو آنے والے مریضوں کے دن رات علاج میں مصروف ہیں۔انھوں نے کہا ابھی بھی حکومت کے پاس وقت ہے،ہمارے پیش کیے گئے چارٹر آف ڈیمانڈ ،ہمارے مطالبات پورے کرے۔اس بجٹ میں ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرے،تاکہ اس مشکل وقت میںوائرس کے پھیلاؤ سے نمٹا جا سکے۔انھوں نے کہا ہم نہیں چاہتے کہ اپنا قیمتی وقت ہڑتال و احتجاج میں ضائع کریں،بلکہ اس وقت کورونا کے کیسز کی طرف دھان دیں اور کورونا کے مریضوں کا بخوبی علاج کریں۔انھوں نے کہا ہمیں حکومت جان بوجھ کر ہڑتال و احتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔