کشمیر پروزارت خارجہ میں باصلاحیت فوکل پرسن مقرر کیا جائے‘رشید ترابی

159

مظفرآباد(آن لائن)کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ موثر سفارتی حکمت عملی طے کرنے کے لیے دیگر اقدامات کے علاوہ وزارت خارجہ میں کشمیر پر ایک ماہر اور باصلاحیت فوکل پرسن مقرر کرے ، آزاد خطے میں جلد نوجوانوں کی تربیت اور سابق فوجیوں کو متحرک و منظم کیا جائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی اور عسکری رہنمائوں کی طرف سے آزادکشمیر پر حملے کی مسلسل دھمکیاں تشویشناک ہیں،بھارت کی یہ حماقت کشمیر کی آزادی بلکہ بھارت کی تباہی پر منتج ہو گی۔ کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتیاور جذبہ جہاد سے سرشار ہو کر 1947ء کا مجاہدانہ کردار ادا کریں۔کشمیری گزشتہ10 ماہ سے لاک ڈائون میں ہیں کورونا سے حالات ان کے لیے مزید اجیرن کردیے گئے ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہمیں ظالموں کی اس بستی سے نجات عطا فرمااور ہمارے لیے کوئی حامی و مدد گار بھیج دے۔عبدالرشید ترابی نے کہاکہ آزاد خطے میں جامع حکمت عملی کی تشکیل حالات کا تقاضا ہے۔ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت فیصلہ کن کردار ادا کرے بھارت محض بیانات یا قراردادوں سے باز آنے والا نہیں ہے، اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔ Covid-19کے باوجود تارکین وطن کی طرف سے کشمیر پر ورچیوئل کانفرنس کے ذریعے برطانوی اور یورپی اراکین پارلیمنٹ اور خلیجی ممالک کے اہل دانش اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرنے کے لیے صدر ریاست سردار مسعود خان کی سرپرستی میں اہم پیش رفت خوش آئند ہے۔