وفاق نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں ،عمرفاروق

137

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجراور جنرل سیکرٹری راشد محمود نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ملکی بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پر بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔آئی ایم ایف سے قرض لینا ملکی معیشت کے لیے کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے۔تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والی حکومت ملک میں کو ئی بھی تبدیلی نہیں لاسکی۔چودھری عمرفاروق گجرنے کہا کہ حکمران مزید قرضوں کے حصول کیلیے عوام کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے سے باز رہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملک و قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کیلیے پریشان ہے جبکہ ہمارے حکمران زبانی جمع خرچ کرکے عوام کو لالی پاپ دینے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی کی بے لوث اور مخلص قیادت ہی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی اکثریت ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتی ہے جس دن ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہوئے کرپٹ مافیا اور لوٹ مار کی سیاست کرنے والوںکا صفایا ہو جائے گا۔