حکومت دو سال سے عوام خون نچوڑ رہی ہے ،میاں اجمل

94

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اوریوسی49کے محمدفرمان مالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں پیٹرول کاخریدار جبکہ پاکستان میں خریدار وںکو پیٹرول نہیں مل رہا۔ حکومت 2سال سے عوام کا خون نچوڑ رہی ہے مگر جب تیل سستا کیا تو ملنا ہی مشکل ہوگیا۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول کی عدم دستیابی نے ثابت کردیا ہے کہ آئل کمپنیاں حکومت سے زیادہ طاقتور اور اپنی مرضی کی مالک ہیں۔پیٹرول جب مہنگا ہوتا ہے تو وہ عوام کی کھال اتار لیتی ہیں اور اگر کبھی بھولے سے سستا ہوجائے تو اپنے ڈپواور پیٹرول پمپ بند کرکے بیٹھ جاتی ہیں۔عوام پیٹرول پمپوں پر اور وزرا کابینہ کے اجلاسوں میں لڑرہے ہیں۔ حکومت کی بے بسی ہر جگہ نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور چینی سستی نہ ملنے پر وزیراعظم کی برہمی سے عوام کوکیا ملے گا۔ حکمران ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے عوام کے غم میں گھل رہے جبکہ عوام پیٹرول پمپوں اوریوٹیلیٹی اسٹوروں پررل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو لوگ کہہ رہے ہیں کہ چینی اسکینڈل کی رپورٹ نہ ہی آتی تو بہتر تھا جب تک رپورٹ نہیں آئی تھی چینی 70 روپے اوررپورٹ آنے کے بعد 90روپے کلو ہوگئی ہے۔سابق حکومتیں آئی ایم ایف سے پوچھ کر اور موجودہ حکومت اس کے حکم پر بجٹ بنا رہی ہے۔ حکومت کے معاشی افلاطونوں کا ٹولہ ناکامی کی تصویر بنا ہوا ہے۔ آنے والے بجٹ میں کسی کو ریلیف ملنے کی امید نظر نہیں آرہی۔ حکومت نے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کم کرکے تعلیم اور صحت پر خرچ کرنے کی کوشش نہ کی تودونوں شعبے تباہ ہوجائیں گے۔