راولپنڈی میں بم دھماکا، ایک شہری جاں بحق، 15زخمی

98

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی کے علاقے صدر کینٹ کے تجارتی علاقہ کوئلہ سینٹر میں بم دھماکے میں کم ازکم ایک شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان راولپنڈی پولیس سب انسپکٹر سجاد الحسن کا کہنا تھا کہ کباڑی بازار میں چھوٹا بازار میں کارنر فوڈ کے نزدیک دھماکاہواجبکہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی تاہم سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کا آغاز کردیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے میں ایک بزرگ اور 3 بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہیں اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔سجادالحسن کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی احسن یونس پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق شہری کی شناخت عارفین ولد اکرام کے نام سے ہوئی جو ٹینچ کا رہائشی تھا جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد بجلی کے کھمبے کے ساتھ نصب کیا گیا تھا، فرانزک سائنس لیب اور تفتیشی ٹیمیں بھی جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکا دہشت گردی کی مذموم کوشش معلوم ہوتا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر عبدالرحمٰن کے مطابق بارودی مواد مذکورہ موام پر موجود بجلی کے کھمبے میں نصب تھا جس کے پھٹنے سے دھماکا ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص کی شناخت عارفین کے نام سے ہوئی جو ریڑھی لگاتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی تفتیش ہر پہلو سے کی جائے گئی اور تمام تر ذرائع اور وسائل کو استعمال کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر انوار الحق کا کہنا تھا کہ صدر بم دھماکے کی تحقیقات ہورہی ہیں، دو زخمیوں کو کینٹ ہسپتال جبکہ 13 کو ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا ہے۔ڈی سی کا کہنا تھا کہ ھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے جبکہ تفتیشی ادارے اپنا کام بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔خیال رہے کہ راولپنڈی میں ماضی میں بم دھماکوں میں کئی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد حالات معمول پر آگئے تھے۔