“ہم 15 دنوں میں واپس آجائیں گے،مفرور قیدیوں کا جیلر کے نام خط”

531

اٹلی کے دارالحکومت روم میں جیل سے فرار ہونے کا ایک دلچسپ واقعہ رونما ہوا جس میں دو قیدی صرف فرار نہیں ہوئے بلکہ جیلر کے نام خط چھوڑ کرگئے ہیں کہ وہ 15 دن بعد واپس جیل آجائیں گے۔

دونوں قیدی داواد زوکانووِچ  اور لیل احمتووِچ جیل میں جعلسازی اور فراڈ کے جرم میں ربیبیا جیل میں قید تھے۔ ان دونوں کی سزا 2029 تک کےلیے دی گئی تھیں ، تاہم اس ماہ کے آغاز میں ان دونوں نے کسی ہالی ووڈ فلم جیسا انداز اختیار کیا اور جیل سے فرار ہوگئے۔

جیل فرار ہوئے قیدیوں نے جیلر کے نام ایک خط چھوڑا جس میں لکھا کہ ان دونوں کی بیویاں ان کے جرائم میں شریک ہونے کی وجہ سے جیل میں بند ہیں لیکن اُن کے بچوں کو گھر پر کچھ مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کےلیے ان کا وہاں موجود ہونا ضروری ہے فی الوقت کوئی ایسا نہیں جو معاملات کو سنبھال سکے اس لیے وہ 15 دنوں کیلئے جیل سے جارہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پندرہ دنوں میں خود ہی جیل واپس آجائیں گے۔

جیل حکام نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس دونوں قیدیوں کی تلاش کیلئے چھاپے ماررہی ہے لیکن اس خط نے یہ پورا واقعہ دلچسپ بنا دیا ہے۔