مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی د ہشت گردی جاری ‘4نوجوان شہید

158

سری نگر(صبا ح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران مزید چار کشمیری نوجوان شہید کردیے گئے۔بانڈی پورہ میںبھارتی فوج نے ایک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کادعویٰ کیا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق جنوبی کشمیر میں ضلع کولگام کے نپورہ گائوںمیں ہفتہ کی صبح چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں دو مجاہدین شہید ہوگئے،یہ جنوبی کشمیر میں رواں ہفتے چلایا جانے والا چوتھا عسکریت پسندی مخالف آپریشن تھا۔ قبل ازیں 7، 8 اور 10 جون کو بالترتیب ضلع شوپیاں کے ربن، پنجورہ اور سگھو ہندہامہ نامی علاقوں میں 14 مجاہدین شہیدکیے گئے،جموں کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے نپورہ میں ہفتہ کی علی الصباح چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو عسکریت پسند جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت عمراحمد بٹ اور ندیم احمد بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسلام آباد کے علاقے لالن میں بھی سرچ آپریشن کی آڑ میں ریاستی جبر کا بازار گرم کردیا گیا۔ سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی لی گئی جب کہ علاقے میں بھارتی فوج نے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔ ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے بندجب کہ نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج کو طاقت سے روکنے کے لیے فوجی اہلکاروں، نیم فوجی دستوں اور کٹھ پتلی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔دریں اثنا ضلع کولگام میں مسلح تصادم کے پیش نظر موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی گئی ہیں۔ نیز ضلع تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات رکھی گئی ہے۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ہفتہ کی صبح قابض سیکورٹی فورسز نے بانڈی پورہ- سری نگر شاہراہ پر گامرو لاو ڈارہ کراسنگ کے قریب نصب ایک آئی ای ڈی بم کو ناکارہ بنانے کا دعوی کیا۔ پولیس نے کہا کہ بانڈی پورہ کے گامرو لاو ڈارہ علاقے میں شاہراہ کے قریب ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز اور سراغ رساں کتے نے ایک گیس سلینڈر میں رکھی گئی ایک آئی ای ڈی بم کو پایا۔انہوں نے کہا کہ آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے لیے فوری طور پر بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو طلب کیا گیا جنہیں یہ آئی ای ڈی ناکارہ بنانے میں قریب چھ گھنٹے لگ گئے۔