پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کا آج سے ہڑتال کا اعلان

140

مظفرآباد (صباح نیوز) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے آج سے ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کردیا، صدر پی ایم اے ڈاکٹر شوکت حیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو 72 گھنٹے دیے گئے تھے مگر حکومت نے ڈاکٹروں کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو آج کی تاریخ تک کوئی اہمیت نہیں دی اور نہ ہی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلیے کوئی پیشرفت کی گئی، نہ ہمیں بلایا گیا، حکومت کی بے حسی برقرار ہے۔ حکومت تاجروں و ٹرانسپورٹرز سمیت سب کو اعتماد میں لے رہی ہے مگر ڈاکٹرز کو نظر انداز کر رہی ہے، نتیجہ یہ ہے کہ بڑی تعداد میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور باقی عوام کورونا کا شکار ہو رہے ہیں، اگر صورتحال یہی رہی تو شاید ہمارے پاس اسپتالوں میں کورونا مریضوں کو رکھنے کیلیے جگہ کم پڑجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک بار پھر کہتے ہیں کہ ڈاکٹروں کی تنخواہیں فیڈرل کے مطابق بڑھائی جائیں، اور جو دیگر مسائل ہیں وہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق حل کیے جائیں ورنہ ہماری ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سے سارے ملک میں ہڑتال ہوگی اور تمام اسپتال بند رہیں گے، صرف ایمرجنسی اور دل کی بیماریوں کا علاج بند نہیں کیا جائے گا اس کے علاوہ تمام سروسز بند کی جائیں گی۔ ہم حکومت کو پھر سے کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ ہم نے مجبوراً کیا ہے ہم اس کے حق میں نہیںہیں، عوام کو بھی یہ چیز محسوس کرنی چاہیے کہ حکومت اگر بے حس ہوجائے اور ڈاکٹروں کے حقوق اور مسائل حل نہ کرے تو پھر ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں بچتا ہے کہ ہم احتجاج پر جائیں۔