ملازمین و پنشنرز کے لیے نئے بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں رکھا گیا، عارف شیرازی

85

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے اس سخت اور مشکل ترین مرحلے میں وفاقی بجٹ سے عوام نے جو توقعات رکھی ہوئی تھیں افسوس کہ عوام کو اس حوالے سے سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کے لیے نئے بجٹ میں کوئی بھی ریلیف نہیں رکھا۔ ہماری وفاقی حکومت آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر عالمی اداروں سے قرض اور امداد لینے کے لیے تو ایڑی چوٹی کا زور لگاتی ہے مگر افسوس کہ عوام کو کسی بھی مد اور شعبے میں کسی قسم کی سہولت اور ریلیف دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی حکومتیں تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن پر بجٹ تیار کرتی تھیں مگر موجودہ حکومت کو تو ان عالمی اداروں نے پہلے ہی اپنے خاص بندے بجٹ بنانے اور عوام کو ٹیکسوں کے بم مارنے کے لیے دے رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ بھی عالمی اداروں کا بنایا ہوا ہے۔ عوام کو محض الفاظ کے گورکھ دھندوں میں الجھایا جاتا ہے جو کہ عوام دشمنی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابات سے پہلے ملکی معاشی حالات کو بہتر کرنے کے جو اعلانات، دعوے اور وعدے کیے تھے افسوس کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ سب ہوا میں اڑ گئے۔ موجودہ حکومت نا اہل ترین اور ناکام ترین حکومت ہے ان کے پاس نہ تو کام کرنے والی کوئی ٹیم ہے اور نہ ہی کوئی منصوبہ اور وژن۔