جماعت اسلامی ہر طرح کے اسکینڈلز سے پاک و صاف جماعت ہے

89

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی112کے امیررائے محمدجاویدنے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں کرپشن، کمیشن اور بد دیانتی میں ایک دوسرے کو مات دینے کی کوشش کرتی ہیں۔ سب کے ہاں لوٹ مار کا ایک ہی کلچر ہے۔ کوئی جماعت بھی حقیقی جمہوری جماعت ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔ جماعت اسلامی ہر طرح کے اسکینڈلز سے پاک و صاف جماعت ہے۔ جماعت اسلامی کی تنظیمی خصوصیات، امانت و دیانت اور ایک حقیقی جمہوری جماعت ہونے کا قومی و عالمی سطح پر اعتراف کیا جاتاہے۔ ملک کے سب سے معتبر ادارے پلڈاٹ نے جماعت اسلامی کو ملک کی منظم ترین، موروثیت سے پاک جماعت قرار دیاہے۔ اسی طرح عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کے ریمارکس ہیں کہ اگر آئین کی دفعہ 62،63 کے مطابق پرکھا جائے تو پھر ایوان میں صرف سراج الحق رہیں گے۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی مڈل کلاس اور عام آدمی کی جماعت ہے جس میں مزدور کسان اور ہاری شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کے سیکڑوں لوگ سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے ارکان رہے مگر آج تک کسی ایک فرد پر کرپشن،کمیشن، اقرباپروری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام تک نہیں لگا۔انہوں نے کہاکہ صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں ہونے کے باوجود کوئی صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے۔ صوبائی حکومتیں اختیارات نیچے منتقل کرنے کو تیار نہیں۔