عوام موجودہ بجٹ کو پھانسی کا پھندا تصور کررہے ہیں، غفور حیدری

91

تلہ گنگ (آن لائن) جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی نے حکمرانوں کو قوم کا خون چوسنے پرلگا دیا ہے، عوام بجٹ کو پھانسی کا پھندہ تصور کررہے ہیں،ملک و قوم کہ آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے والے حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے تلہ گنگ میں مقامی صحافیوں سے بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اور قومی مسائل کا واحد حل قرآن وسنت کے نظام میں ہے ، بجٹ میں ٹیکس نہ لگانے والوں نے ہر ماہ مہنگائی وبدعنوانی کے ٹیکس لگائے ہیں ملک کو عالمی مالیاتی سودی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ، بین الاقوامی مالیاتی سودی ادارے چاہتے ہیں کہ ملک میں لوٹ مار، بدعنوانی چلتی رہے تاکہ پاکستان کو قرض کی زیادہ ضرورت پڑے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار ، انصاف تک رسائی اور زندگی کی بنیادی ضرورتیں نظر نہیں آرہیں اس لیے عوام بجٹ کو پھانسی کا پھندہ تصور کررہے ہیں۔