مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی، مزید 3نوجوان شہید

96

سری نگر(خبرایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سیل کے مطابق قابض فوج نے تینوں نوجوانوں کو ضلع شوپیاں کے علاقے ترْک ونگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گولیاں ماریں۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی قابض بھارتی فوج نے ضلع کولگام کے علاقے نیپورہ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے لالن میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔علاوہ ازیں 8جون کو بھارتی فوج سے جھڑپ میں جام شہادت نوش کرنے والے 18سالہ ثقلین کی والدہ سے آخری فون کال کی ٹیپ وائرل ہو گئی۔شہادت سے پہلے ثقلین نے فون کر کے والدہ کو بتایاکہ وہ اپنے 3دوستوں کے ساتھ پنجورہ میں بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے ، جس پر ماں نے کہا بیٹا ہتھیار نہ ڈالنا، جس کام کے لیے نکلے ہو وہ پورا کرنا۔ماں نے مزید کہا میں تم سے راضی ہوں، میرا خدا بھی راضی ہے ، اللہ تمہیں مقصد میں کامیاب کرے۔