وفاقی وزراء خوف نہ پھیلائیں

177

وفاقی اور صوبائی وزرا کی جانب سے عوام کے لیے کورونا سے بچائو کے اقدامات کے بجائے انہیں خوفزدہ کرنے کی مہم کے برعکس حقائق سامنے آئے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر اپنا کام چھوڑ کر جولائی میں 15 لاکھ مریضو کی اور ڈاکٹر ظفر مرزا دس لاکھ مریضوں کی پیشگوئی کر رہے ہیں جبکہ منگل کے ایک اخبار کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بیماروں کے مقابلے میں بڑھ رہی ہے اور اب مریضوں کی صحت یابی کی شرح 52 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 27 ہزار 737 افراد متاثر ہیں لیکن 30 ہزار 131 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار بھی سرکاری ہیں۔ تو پھر ہمارے وزرا عوام کو صحت کی مزید سہولتوں کی خبریں دینے کے بجائے انہیں خوفزدہ کرنے میں کیوں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کون ہوتے ہیں جولائی تک 15 لاکھ مریضوں کی خبر دینے والے۔ انہوں نے 14 جون کو یہ بات فرمائی تھی کہ ان کے حساب سے 16 جون تک دو لاکھ مزید مریض سامنے آجانے تھے۔ اور ان کے حساب سے اب روزانہ سوا لاکھ مریضوں کا اضافہ ہونا چاہیے کیونکہ اگر وہ جولائی تک یہ تعداد 15 لاکھ پہنچانے کا دعویٰ کر رہے ہیں تو ہر آنے والے دن مطلوبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہونا چاہیے۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ اس حوالے سے یہ تبصرہ درست ہے کہ حکومت اپنی تمام ناکامیاں کورونا کے پیچھے چھپا رہی ہے۔