کورونا وائرس کے ساتھ دورہ انگلینڈ ایک چیلنج ہوگا،عابد علی

101

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے عابد علی کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے دورہ انگلینڈ ایک چیلنج ہوگا، انگلینڈ میں کنڈیشنز پہلے ہی مشکل ہو تی ہیں اور اب موجودہ حالات کی وجہ سے مزید مشکلات ہوں گی لیکن ان چیلنجز کو ہم نے قبول کرنا ہے اور ذہنی پختگی کے ساتھ انگلینڈ میں کھیلنا ہے اور کامیابی حاصل کرنی ہے۔32 سالہ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین عابد علی 3 ٹیسٹ اور چار ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔عابد علی کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ کیلئے سب کھلاڑی پر اعتماد ہیں، خوشی ہے کہ لمبے عرصے کے بعد کرکٹ شروع ہو رہی ہے اور ہم میدان میں آئیں گے، تین چار ماہ کرکٹ نہیں ہوئی، ہم انگلینڈ میں اچھا پرفارم ہی نہیں کریں گے بلکہ کامیابی حاصل کریں گے اور ایسا ممکن بھی ہے۔ عابد علی نے کہا کہ طویل وقفہ ضرور ہے لیکن ہم انگلینڈ سیریز سے کافی پہلے جا رہے ہیں جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور جو کمی ہے اس کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے، اس کے علاوہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ہم سے پہلے کھیل رہی ہوں گی اس کا ہمیں فائدہ ہو گا، ہمیں سیکھنے کا اور پلان کرنے کا موقع ملے گا۔عابد علی نے کہا کہ کووڈ 19 کی صورتحال کا سب کو سامنا ہے ، ابھی ہمیں اس کے ساتھ رہنا ہے لیکن ضروری ہے کہ ہم دماغی طور پر مضبوط ہوں ، کوشش کریں گے کہ کھیل پر زیادہ فوکس کریں اور کورونا وائرس پر دھیان کم ہو، عابد علی نے کہا کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز ہمیشہ مشکل رہی ہیں اور اب حالات بھی کچھ ایسے ہیں کہ ان کی وجہ سے مشکلات بڑھ جائیں گی، بہت زیادہ چیلنجز درپیش ہوں گے اور ان چیلنجز کو ہم نے قبول کرنا ہے اور مضبوط بن کر انگینڈ میں اچھا کھیلنا ہے اور یہی سب کا ہدف ہے، ہم پروفیشنل ہیں ہمیں ہرحالت میں 100 فیصد کھیل پیش کرنا ہے۔ عابد علی نے کہا کہ انگلینڈ کا بولنگ اٹیک بہترین ہے انہیں اپنی کنڈیشنز کا بخوبی علم ہے، ہوم ٹیم کو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ہوتا ہے لیکن ہماری بیٹنگ لائن اپ بھی تجربہ کار ہے، مصباح الحق اور یونس خان کی موجودگی میں فائدہ ہو گا۔عابد علی نے کہا کہ کراؤڈ نہ ہونے کی وجہ سے انگلینڈ ٹیم کو فرق پڑے گا ہمارے لیے پریشانی کی بات نہیں ہے کیونکہ ہم دس برس متحدہ عرب امارات میں اپنے کراؤڈ کے بغیر کھیلتے رہے ہیں لیکن انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کے بہت فینز ہیں اپنے فینز کو مِس کریں گے۔انگلینڈ پاکستان کا ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ایک ساتھ جا رہا ہے عابد علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا بھی موقع ملا تو اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔