پاکستان میں دہشت گردوں کی بھارتی حمایت بے نقاب کرتے ر ہیں گے ، کور کمانڈرز کانفرنس

113

راولپنڈی (اے پی پی) کور کمانڈرکانفرنس(سی سی سی) نے ملک بھر میں تشدد کے واقعات میں مسلسل کمی ، افغان امن عمل کے بتدریج مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ فورم نے اس عز م کا اظہار کیا کہ بھارتی عزائم کو ناکام بنانے،کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو بھارت کی طرف سے نشانہ بنانے اور دہشت گرد گروپوں کی کھلے عام حمایت کرنے کے بھارتی منصوبوں کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی ٹویٹ کے مطابق بدھ کو پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ فورم نے قومی اداروں کے ساتھ ملکر صورتحال معمول پر لانے کے عمل میں معاون ثابت ہونے کا عزم کیا۔ فورم میں کوویڈ 19 کے خلاف فوج کی حکومت کو جاری امداد ، ٹڈی دل کے خطرے ، پولیو مہم اور دستیاب وسائل میں بھی اس کو بہتر بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کوویڈ 19کو قومی یکجہتی سے ہی شکست دی جاسکتی ہے، اس کے لیے ہر فرد بنیادی طریقہ کار اور ہدایات کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرکے کامیابی یقینی بنا سکتا ہے۔ کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مغربی سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اسی دوران قومی اداروں کے ذریعہ مغربی سرحد پر صورتحال معمول پر رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ بھارتی جارحانہ عزائم کا بھی جائرہ لیا گیا۔کور کمانڈرز نے ملک میں پرتشدد واقعات میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگردتنظیموںکی کھلم کھلا حمایت اور معصوم کشمیریوں اور مسلمانوں پر ظلم وتشدد کو بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔