اندھی گونگی اور بہری حکومت نے قوم کے تین ماہ ضائع کردیے

95

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودنری عمرفاروق گجراور جنرل سیکرٹری راشد محمود نے کہا ہے کہ ملک پر غیر سنجیدہ شہزادوں کی حکومت ہے جو روزانہ ہوائی گھوڑے پر سوار ہو کر منصوبے بناتے ہیں۔ حکومت کی غیر سنجیدگی کا یہ ثبوت ہے کہ کورونا وبا کو ساڑھے تین ماہ ہو گئے مگر ایک بار بھی ملک کی سیاسی جماعتوں اور قیادت سے مشاورت کے لیے رابطہ نہیں کیا گیا۔ الخدمت فائونڈیشن اور دیگر تنظیمیں جو کورونا متاثرین کی مدد کر کے حکومت کا ہاتھ بٹا رہی ہیں، ان سے رابطہ کرنا بھی کسی نے گوارا نہیں کیا۔ اندھی گونگی اور بہری حکومت نے قوم کے تین ماہ ضائع کردیے اب کورونا جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہا ہے اور حکمران دن رات عوا م کو ڈرانے دھمکانے میں لگے ہوئے ہیں۔ جو وزرا عوام کو جاہل کہتے ہیں وہ دراصل خود عقل و خرد سے عاری ہیں اور اپنے ووٹرز کو جاہل کہہ رہے ہیں۔ اس حکومت کے لیے چوروں کو پکڑنا مشکل ہے۔ چینی، آٹا چور اور لینڈ مافیا کل بھی حکومت میں موجود تھا اور آج بھی حکومت میں شامل ہے۔ کورونا کے خلاف صف اول میں لڑنے والے ڈاکٹروں کو بھی حکومت جانی و مالی تحفظ نہیں دے سکی۔