مقبوضہ کشمیر‘ قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 8 نوجوان شہید

98

سری نگر (صباح نیوز) جنوبی کشمیر میں بھارتی قابض فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں مزید8کشمیر ی شہید کردیے‘ شوپیاں کے امام صاحب علاقے میں واقع بنڈپاوا نامی گائوں میں بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشن کے دوران گزشتہ روز شروع ہوئی جھڑپ میں 5 مجاہدین شہید ہوگئے۔ ادھر ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے میں واقع میج نامی گائوں میں بھی جمعرات کو ہی ایک معرکہ شروع ہوگیا جو جمعے کوختم ہوگیا۔ اس معرکے کے ابتدا میں ہی ایک مجاہد شہید ہوا تھا جبکہ 2 مجاہدین نے مقامی مسجد میں پناہ لے رکھی تھی‘ ان کے خلاف صرف آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جس سے دونوں جاں بحق ہوگئے‘مختلف علاقوںمیں گزشتہ روز بھی فورسزنے محاصروں اور تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث لوگوں کوشدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں شمالی کشمیر میں اوڑی کنٹرول لائن پر فوج کے ساتھ کام کرنے والا ایک مقامی مزدور جمعے کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہوگیا۔ دریں مقبوضہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے مرکزی ریاست علاقے میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس پر پابندی میں 8جولائی تک توسیع کردی۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ دہشت گرددراندازی کو مربوط بنانیکے لیے انٹرنیٹ کا بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہیں‘ اسی وجہ سے موجودہ انٹرنیٹ سروس پرپابندی میں 8 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ پرنسپل سیکرٹری ہوم شیلین کبرا کے جاری کردہ اس حکم میں بتایا گیا ہے کہ2 جی اسپیڈ انٹرنیٹ پوسٹ پیڈ اور فکسڈ لائن صارفین کے لیے دستیاب ہے۔