تنازع کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں عالمی مسئلہ ہے‘ مسعود خان

95

مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں پر ظُلم کے پہاڑ توڑنے کے بعد بھارت کے حوصلے اتنے بڑھ گے تھے کہ وہ لداخ کی گلوان وادی پر حملہ آور ہوا جس کا چین نے منہ توڑ جواب دے کر بھارت کی جارحانہ پیش قدمی کو روک دیاہے۔ ایک انٹرویو میںصدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور ہندوستان کے ناسمجھ اور ظالم حکمرانوںنے کئی بار کوشش کی ہے کہ اس مسئلے کو ایک داخلی معاملہ قرار دیا جائے لیکن کشمیر 1947ء میں بھی ایک بین الاقوامی مسئلہ تھا اور آج بھی ہے۔ ہندوستان نے سر دھڑ کی بازی لگا دی لیکن نہ کشمیریوں کا حوصلہ ٹوٹا ہے اور نہ پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔ہندوستان تاریخ کے اس سبق کو بھول گیا کہ ایک مرتبہ جو مسئلہ بین الاقوامی بن جائے اُسے جھوٹ کے پردے میں چھُپا کرمحکوم لوگوں کی لاشوں کے نیچے دبایا نہیں جا سکتا۔آوازِ حق پچھلے 73 برسوں میں بلند ہوتی رہی اور آج دنیا کے ایوانوں میںاس کی گونج مزید بلند ترہو رہی ہے۔ ہندوستان کی یہ بڑی بھول اور خام خیالی ہے کہ قتل ِ عام ، نسل کشی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیر یوں کی تحریکِ آزادی کو کُچلا جا سکتا ہے۔