این ایل ایف کا جائز مطالبہ

293

مزدوروں کی نمائندہ تنظیم نیشنل لیبر فیڈریشن نے ملک کے نجی اور صنعتی شعبوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی حالت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مزدوروں کی کم از کم تنخواہ بیس ہزار روپے مقررکی جائے ۔ ملک میں جس حساب سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے ، اس لحاظ سے تو بیس ہزار روپے میں بھی ایک خاندان تو کیا ایک فرد کا گزارا مشکل ہے ۔ وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں کا دعویٰ مزدور دوست ہونے کا ہے ، اس کے باوجود نہ تو وفاقی حکومت نے اور نہ ہی حکومت سندھ نے اس طرف کوئی توجہ دی جو انتہائی افسوسناک ہے۔ اب جبکہ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی نے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ دلائی ہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کی دیگر سیاسی ، سماجی اور فلاحی تنظیموں کو بھی اس جانب توجہ کرنی چاہیے اور نیشنل لیبر فیڈریشن کی آواز میں آواز ملانا چاہیے ۔ وفاقی اور سندھ حکومت دونوں اس جانب توجہ کریں کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے ۔محنت کشوں کے لیے نہ صرف کم ازکم تنخواہ میں مناسب اضافہ کیا جائے بلکہ ان کے لیے صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ۔