بلاول کے منہ سے ضم اضلاع کی محرومیوں کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، اجمل وزیر

83

پشاور (اے پی پی) وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ بلاول کے منہ سے ضم اضلاع کی محرومیوں کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، سندھ حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت وعدے کے مطابق ابھی تک اپنا مختص حصہ ضم اضلاع کو نہیں دیا ہے، صوبوں کی طرف سے ضم اضلاع کیلیے این ایف سی ایوارڈ کے تحت مختص 3 فیصد حصے میں سے اپنا حصہ نہ دینا قابل افسوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار ان دونوں نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں خیبر پختونخوا نے غریب، عوام اور تاجر دوست بجٹ پیش کیا ہے اور بڑے پیمانے پر غریب اور تاجر طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ ضم اضلاع کیلیے 184 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ 96 ارب روپے ضم اضلاع میں ترقیاتی پروگرام پر خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کا مسئلہ صرف خیبر پختون خوا کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اس لئے میں دیگر صوبوں کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ این ایف سی میں اپنے وعدے کے مطابق مختص حصے میں سے اپنا حصہ ضم اضلاع کو فراہم کریں تاکہ ان کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جاسکے۔ وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ مشکل حالات میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا نہ کوئی نیا ٹیکس لگایا ہے اور نہ پہلے سے لگائے گئے ٹیکس میں کوئی اضافہ کیا ہے۔ اس سال خیبر پختونخوا نے ترقیاتی پروگرام کیلیے 318 ارب روپے مختص کیے ہیں جو سندھ کے ترقیاتی بجٹ سے کہیں زیادہ اور پنجاب کے بجٹ کے تقریباً برابر ہے۔