دوگنا آبیانہ وصول کرنا کسان دشمن اقدام ہے، عبدالستار بیگا

69

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے زونل امیر میاں عبدالستار بیگا، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امراء میاں زبیر لطیف، رانا نعیم اکرم، چاند زیب خاں، رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ، حاجی محمد حنیف اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کورنا اور ٹڈی دل سے تباہ حال کسانوں سے دگنا آبیانہ وصول کرنا حکومت کا عوام دشمن اقدام ہے، پانی کی عدم دستیابی، کھادوں، زرعی مداخل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے کاشتکاروں کو پہلے ہی تباہ حال کردیا ہے، اب حکومت پنجاب کی جانب سے بتائے بغیر آبیانہ میں د گنا اضافہ زرعی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ میاں عبدالستار بیگا نے کہا کہ آبیانہ کی دگنی وصولی زراعت پر پنجاب حکومت کا خودکش حملہ ہے۔ لاک ڈائون، مہنگائی اور ٹڈی دل کے مارے کاشتکار اپنی جمع پونچی بھی خرچ کرچکے ہیں۔ اب صوبائی حکومت کی طرف سے دگنا آبیانہ وصولی کے نوٹس ان کے لیے ڈیتھ وارنٹ کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی ڈل کے خطرات ابھی بھی سروں پر منڈلا رہے ہیں، ایسے میں حکومت کا تو فرض تھا کہ فوری طور پر کسانوں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی متاثرہ غریب کاشتکار امداد سے محروم نہ رہے۔ متاثرہ کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے، سستی بجلی اور کھاد فراہم کی جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی واقع ہو۔