خوف میں ڈوبے لوگوں کو مہنگائی نے بے حال کر دیا، فوزیہ محبوب

109

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان دیگر ممالک کی طرح خطرناک وبا کی زد میں ہے۔یک طرف وبا تیزی کے ساتھ لوگوں سے ان کے عزیزوں کو چھین رہی ہے تو دوسری طرف غم اور خوف میں ڈوبے ہوئے لوگوں کو مہنگائی نے بے حال کر دیا ہے۔حکومت کے وعدوں اور دعوؤں کے باوجود مہنگائی نے عام آدمی کے منہ سے نوالہ تک چھین لیا ہے۔ اسٹیٹ بنک کی رپورٹ کے مطابق 2020ء میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔ ان حالات میں پیش کیے جانے والے بجٹ میں بھی غریب عوام کے لیے کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جوکہ بنیادی ضروریات میں شامل ہیں حکومت تمام تر وعدوں اور دعوئوں کے باوجود مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا لمحہ فکر ہے۔ دوسری طرف حکومت نے کورونا کے نام پر اربوں ڈالر اکھٹے کر لیے مگر اس وبا سے متاثرہ افراد کی صحت کی بحالی اور علاج کے لیے اسپتالوں میں مناسب بندوبست نہیں ہے، جہاں ڈاکٹروں کو صحت کا تحفظ حاصل نہ ہو وہاں مریضوں کا پرسان حال کون ہوگا۔ عوام کوعلاج کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔