دنیا کی پہلی ’تھری ڈی‘ آنکھ

401

ہانگ کانگ: ہانگ کانگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ایچ کے ایس یو ٹی) کے سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین نے دنیا کی پہلی ٹھری ڈی (3D) آنکھ تیار کی ہے۔

چینی ماہرین نے ایک ایسی مصنوعی آنکھ بنا لی ہے جو قدرتی آنکھ جیسی گول ’’3D‘‘ آنکھ ہے۔ اسے انہوں نے ’’ای سی آئی‘‘ یا ’’الیکٹروکیمیکل آئی‘‘ کا نام دیا ہے۔

اس سے قبل مصنوعی آنکھ کے جتنے بھی نمونے تیار کیے گئے تھے، ان سب میں سپاٹ (2D) سی سی ڈی/ ڈیجیٹل کیمروں کا استعمال کیا گیا تھا تاہم اس لحاظ سے یہ پہلی مصنوعی آنکھ ہے جو کئی طرح کے پیچیدہ حصوں کو انسانی آنکھ کی طرح گولائی میں ترتیب دے کر ایجاد کی گئی ہے۔

خاص بات یہ ہے کہ جس طرح قدرتی (بشمول انسانی) آنکھ میں پردہ چشم کے بالکل پیچھے اعصاب کا ایک گچھا ہوتا ہے جو دوسرے مختلف اعصاب سے ہوتا ہوا دماغ تک پہنچتا ہے اور بصارت کا احساس پیدا کرتا ہے، ٹھیک اسی طرح الیکٹروکیمیکل آئی میں بھی مائع دھات پر مشتمل ’’اعصاب‘‘ ہوتے ہیں جو اس سے دیکھے جانے والے منظر کو ڈسپلے ڈیوائس یا اسکرین تک پہنچاتے ہیں۔

اس 3D آنکھ سے متعلق تمام تفصیلات ریسرچ جرنل ’’نیچر‘‘ کے ایک حالیہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔