محمود خان کی زیر صدارت اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

59

پشاور ( اے پی پی)صوبے کے مختلف اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہوا۔ جس میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کے ان مخصوص علاقوں جہاں پر کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں میںا سمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پشاور کے تمام ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کے بعد صوبائی وزیر صحت کی
سربراہی میں کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور ، سی سی او پشاور دیگر متعلقہ حکام پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت سے ایک قابل عمل پلان تیار کرے گی جسے حتمی منظوری کے لیے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کو صو بے کے مختلف اضلاع کے ہاٹ اسپاٹس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کی صورتحال ، کیسز کی تفصیلات اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں ، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور ، سی سی پی او پشاور اور 11کور کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔