آزاد کشمیر: ہائیکورٹ نے پرائیویٹ اسکولوںکو فیس لینے سے روک دیا

50

مظفرآباد (صباح نیوز) عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر نے رٹ پٹیشن بعنوان ’’راحت فاروق راجا بنام آزاد حکومت وغیرہ‘‘ میں آزاد کشمیر کے تمام پرائیویٹ اسکولوں کو کورونا وبا کے دوران طلبہ و طالبات سے فیس وصول کرنے سے روک دیا۔ مقدمہ کی پیروی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جوائنٹ سیکرٹری راحت فاروق راجا ایڈووکیٹ نے کی انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مارچ سے اب تک اسکولز بند ہیں، بچوں کو پورا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وبا کے دوران پریشان حال والدین دہرا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ ایک طرف بچوں کا تعلیمی حرج ہو رہا ہے اور دوسری طرف ہر ماہ اسکولوں کی
فیس بھی ادا کر رہے ہیں۔ جو اسکولز مارچ سے اب تک فیسیں وصول کرچکے انہیں حکم دیا جائے کہ وہ تعلیمی سلسلہ بحال ہونے کے بعد فیسوں کو آئندہ مہینوں میں ایڈجسٹ کریں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے ہائیکورٹ کے اس حکم امتناع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے راحت فاروق راجا ایڈووکیٹ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس کی پیروی کی۔