وزیر اعظم سندھ کے اسپتالوں کی صورتحال سے پریشان ہیں‘ شہباز گل

55

سکھر(اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سندھ کے اسپتالوں کی صورتحال سے پریشان ہیں ، تعلیمی ادارے بند ہیں ، سندھ کے شہر کرپشن کی وجہ سے اجڑ چکے ہیں۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوںنے گزشتہ روز پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حاجی دیدار علی جتوئی سے ملاقات کے دوران انصاف ہائوس سکھر اور سول اسپتال کے دورے کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملکی، سیاسی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا
تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے پاس سندھ میں کورونا وائرس سے لڑنے کی صلاحیت موجود نہیں، سندھ میں اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت بہت خراب ہے ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اپنے شہر لاڑکانہ کو بھی ترقی نہیں دلا سکے تو دوسرے شہروں کا کیا کر سکیں گے، سندھ کے اسپتالوں اور اسکولوں کے نام پر کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل کی سول اسپتال سکھر کے دورے دوران اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر تسلیم خمیسانی نے اسپتال کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔