پختونخواکے اسپتالوں میں بیڈ، وینٹی لیٹر اور آکسیجن کی کمی نہیں، اجمل وزیر

93

پشاور ( اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیربرائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر تیزی سے کام جاری ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں کیسز کی بناء پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے ، مجموعی طور پر 235 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں متاثرہ افراد کی تعداد 3ہزار 130 ہے،اسمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے6 لاکھ 40ہزار 125 افراد گھروں تک محدود ہیں،متاثرہ علاقوں میں 2746 گھروں کو آئسولیٹ کیا گیا ہے۔صوبے کے 241 اسپتالوں میں کورونا کے مریض زیر علاج ہیں جہاں ان کے لیے آکسیجن پوائنٹس وافر مقدار میں موجود ہیں اور انہیں بوقت ضرورت سپلائی بھی جاری ہے،اسپتالوں میں جگہ کی کمی نہیں،پشاور کے تینوں بڑے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات بلا تعطل مہیا کی جارہی ہیں، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں75 وینٹی لیٹرزمیں سے44کورونا مریضوں کے لیے مختص ہیں جس پر 22 مریض زیر علاج ہیں اور 22 وینٹی لیٹرز خالی پڑے ہیں۔ 205 بیڈز کورونا کیلیے رکھے گئے ہیں جس پر 71 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔جبکہ صوبے کے دیگر اسپتالوں میں بھی سہولیات کی کوئی کمی نہیں ہے۔