احساس پروگرام کیلیے وزیر ستان میں سروے کرائینگے،محمود خان

96

پشاور ( اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر احساس پروگرام کیلیے جنوربی وزیر ستان میں سروے کروانے اور صوبے میں کورونا وبا کی وجہ سے متاثر ہونے والے مستحق افراد کو نقد امدادی رقوم کی تقسیم و دیگر اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے مطلوبہ معیار پر پورا اُترنے والے مستحق خاندان ہی احساس پروگرام سے مستفید ہوئے ہیں، ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ٹیم کوکورونا ریلیف پیکج کی تقسیم کا عمل کامیاب بنانے پر مبارک باد دیتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ساتھ پشاور میں سیلانی لنگر خانے کا افتتاح کیا ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے صوبے میں لنگر خانوں کے معاملات سست روی کا شکار ہو گئے لیکن اب انہیں فعال بنایا جائیگا۔ صوبے میں اس وقت 11 لنگر خانے ہیں اور مزید بھی قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ اورڈاکٹر ثانیہ نشتر نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سٹی نمبر 1 میں قائم احساس کیش ڈیلیوری پوائنٹ میں کیش کی تقسیم کار کے کاموں کا جائزہ لیا۔