مقبوضہ کشمیر ، غاصب بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 2 نوجوانوں شہید

109

سری نگر(خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی جارحیت میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع سوپور میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔قابض بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کو ہراساں کیا گیا، بچوں اور بزرگوں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور سیکورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم شہید نوجوانوں کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے سرکاری جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔دوسری جانب پاکستان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی مذمت کی ہے اور اسے عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ گزشتہ 326 روز سے مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 ماہ میں 110 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ حالیہ دنوں میں بھارتی قابض فوج نے جعلی مقابلوں اور سرچ آپریشن کے نام پر مزید 14 کشمیریوں کو شہید کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے قتل میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی حکومت براہِ راست ملوث ہے اور یہ ماورائے عدالت قتل عالمی و انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔علاوہ ازیں ترجمان نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں بھارت نے ایل او سی پر 10 ہزار 440 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی۔