مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے مظالم جاری، متعدد نوجوان گرفتار

227

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے سرینگر، بڈگام، گاندر بل، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام، پونچھ، کشتواڑ، ڈوڈہ، رام بن، راجوری اور جموں کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری، قابض فوجی لوگوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کر رہے ہیں جبکہ کئی نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا، حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، عمر عاد ل ڈار، محمد اقبال میر اور غلام احمد نے اپنے بیانات میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے حال ہی شہید کیے جانے والے نوجوانوں اور ایک 8 سالہ بچے کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کے لوگوں پر ایک سوشل میڈیا مہم کے ذریعے زور دیا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے تمام دیہات، محلوں اور قصبوں کی کمیٹیوں کو اکھٹے ہوکر اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے علاقوں میں ایک بھی غیر کشمیری رہائش اختیار نہ کرے۔ کمیٹیوں کو لوگوں کو یہ واضح ہدایات دینے کیلیے کہا گیا کہ جو بھی غیر مقامیوں کو جگہ دینے یا انہیں اپنی زمین فروخت کرنے کی کوشش کرے اس کا معاشرتی بائیکاٹ کیا جائے اور اسے علاقے سے بے دخل کر دیا جائے۔