پیٹرول کی قیمت میں اضافہ شرمناک ہے واپس لیاجائے،اے این پی

110

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وبائی صورتحال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 27 سے 66فیصد اضافہ شرمناک اور افسوسناک ہے۔ تبدیلی سرکار نے تیل مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ، شیڈول سے ہٹ کر اضافے کی سمری کی منظوری نے ثابت کردیا کہ فیصلے حکومت نہیں کوئی اور کروارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت پیٹرول پر 47روپے فی لیٹر تک ٹیکس وصول کررہی ہے جبکہ ملک کو قرضوں میں ڈبودیا ہے، سوال یہ بنتا ہے کہ اتنی بڑی رقم کن کی جیبوں میں جارہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کیا پاکستانی عوام کے فیصلوں کا اختیار آئی ایم ایف کو دے دیا گیا ہے؟ پی ٹی آئی حکومت کے فیصلے ادارے اور انکے بٹھائے گئے اہلکار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا کیونکہ اس وقت تیل کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی اور اسی حکومت نے مافیا کو یہ موقع دیا کہ وہ تیل کو ذخیرہ کرے اور اسی ذخیرے کو باہر لانے کے لیے بغیرشیڈول کے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا۔